نیویارک (21 جولائی 2026): اسپین نے صرف فیفا ورلڈ کپ 2026 جیت کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز ہی حاصل نہیں کیا بلکہ متعدد ریکارڈ بھی بنائے۔
اسپین فٹبال کی دنیا کا نیا بادشاہ بن گیا۔ نیو جرسی میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو سخت مقابلے کے بعد ایک صفر سے ہرانے والی ہسپانوی ٹیم نے کئی ریکارڈ بھی بنائے۔
ان ہی ریکارڈ میں ایک ایسا تاریخی عالمی ریکارڈ ہے، جو فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تاریخ میں پہلی بار بنا تاہم اس ریکارڈ کا ایسے چرچا نہیں ہوا، جیسا کہ دیگر ریکارڈز کو ہوا۔
اسپین نے ارجنٹینا کو ہرا کر دوسری مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیتا تو اس کے ساتھ ہی وہ فٹبال کی تاریخ میں طویل عرصے تک نا قابل شکست رہنے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر گئی۔
فیفا ورلڈ کپ کا فائنل مسلسل 38 واں میچ تھا، جس میں اسپین کی مسلسل ناقابل شکست رہا۔ اس سے قبل یہ اعزاز اٹلی کے پاس تھا، جو 37 میچز میں ناقابل شکست رہی۔
اس شاندار فتح کے بعد اسپین کے مسلسل ناقابلِ شکست میچز کی تعداد 38 ہو گئی، جس کے ساتھ ہی اس نے اٹلی کا مسلسل 37 میچز میں ناقابل شکست رہنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
اٹلی نے یہ ریکارڈ 2018 سے 2021 کے درمیان بنایا تھا، اس دوران انہوں نے یورو 2020 کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
اسپین کا یہ شاندار سفر 2024 میں کولمبیا کے خلاف ایک دوستانہ میچ میں ملنے والی شکست کے بعد شروع ہوا تھا۔
اگرچہ نیشنز لیگ کے فائنل میں اسپین کو پرتگال کے خلاف پینالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن فٹ بال کے قوانین کے مطابق پینالٹی شوٹ آؤٹ کی شکست کو ’ڈرا‘ تسلیم کیا جاتا ہے، اس لیے ان کا ناقابلِ شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رہا۔
اس سے قبل اسپین 2007 سے 2009 کے درمیان بھی 35 میچز میں ناقابلِ شکست رہا تھا۔
واضح رہے کہ ارجنٹائن کے خلاف فائنل میں کوئی گول نہ کھانے کے بعد، یہ اس ورلڈ کپ میں اسپین کا ساتواں کلین شیٹ میچ تھا۔ اس کے ساتھ ہی اسپین دنیا کی وہ پہلی ٹیم بھی بنی، جس نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران صرف ایک گول کھایا اور ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔


