کنساس سٹی (19 جون 2026): رواں فٹبال ورلڈ کپ کے ایک اسٹیڈیم سے چند کلومیٹر دور فائرنگ کے پانچ واقعات میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔
امریکا میں فیفا ورلڈ کپ 2026 جاری ہے اور دنیا بھر کی 48 ٹیمیں اور 1248 کھلاڑی اس میگا ایونٹ میں شریک ہیں۔ کنساس سٹی میں فٹبال اسٹیڈیم سے صرف چند کلومیٹر دور فائرنگ کے واقعات نے سنسنی پھیلا دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کنساس سٹی میں فٹبال اسٹیڈیم سے صرف چند کلومیٹر دور فائرنگ کے پانچ واقعات ہوئے، جس میں ایک شخص ہلاک اور چار افراد زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کے امریکی شائقین کو اسٹیڈیم لے جانے والا اوبر ڈرائیور بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق کنساس سٹی میں منگل کی شام 6 بجے سے 6:30 بجے کے درمیان فائرنگ کے پانچ واقعات ہوئے، جس میں ایک شخص مارا گیا اور چار زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
فائرنگ کے یہ تمام واقعات ایرو ہیڈ اسٹیڈیم سے تقریباً 7 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آئے جہاں ارجنٹائن نے اپنا افتتاحی میچ الجزائر کے خلاف جیتا تھا۔
پولیس کیپٹن جیکب بیچینا نے کہا کہ تمام واقعات میں ایک ہی شخص ملوث ہے، جو 22 سالہ نوجوان ہے اور فائرنگ واقعات کے بعد سے فرار ہے۔


