کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ فٹبال کا عالمی کپ 2030 متعدد براعظموں اور ممالک میں منعقد ہوگا، فٹبال کی عالمی باڈی فیفا نے بدھ کو اس بات کا اعلان کیا۔
مراکش، اسپین اور پرتگال فٹبال کے عالمی ایونٹ 2030 کی میزبانی کریں گے، ان کے ساتھ ساتھ یوراگوئے، ارجنٹینا اور پیراگوئے کو بھی چند میچز منعقد کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
اس سے قبل مراکش، پرتگال اور اسپین کی جانب سے مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ کی میزبانی کی جانی تھی تاہم عالمی کپ کے انعقاد کے سو سال پورے ہونے کے باعث مذکوہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔ 1930 میں پہلی بار افتتاحی ورلڈ کپ یوراگوئے میں منعقد ہوا جس میں میزبان ملک نے کامیابی حاصل کی تھی۔
فیفا کی جانب سے بدھ کو سامنے آنے والے فیصلے کے بعد یہ پہلی بار ہوگا کہ ورلڈ کپ تین براعظموں اور چھ ممالک میں منعقد کیا جائے گا۔
فیفا نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ فیفا کونسل نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ مراکش، پرتگال اور اسپین مشترکہ طور پر 2030 میں ایونٹ کی میزبانی کریں گے اور موجودہ سلاٹ ایلوکیشن کے تحت خودکار طریقے سے کوالیفائی کرجائیں گے۔
پہلی بار ورلڈ کپ منعقد ہونے کے تاریخی سیاق و سباق کو مدنظر رکھتے ہوئے، فیفا کونسل نے اتفاق رائے سے یوراگوئے کے دارالحکومت مونٹیویڈیو میں ایک منفرد صد سالہ تقریب رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یوراگوئے کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ کے تین میچوں کی میزبانی ارجنٹینا اور پیراگوئے کو دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو نے کہا کہ ایک تقسیم شدہ دنیا میں فیفا اور فٹبال لوگوں کو آپس میں جوڑ رہے ہیں۔
اسپین کے سابق فٹبال چیف لوئس روبیلز کو خواتین کے حالیہ ورلڈ کپ میں ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ مبینہ ہراسگی کے الزامات کا سامنا تھا، ان کی جانب سے استعفیٰ دینے کے چند ہفتوں بعد ہی اسپین کو ورلڈ کپ کی میزبانی کا اعزاز دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2022 کا ورلڈکپ قطر میں منعقد ہوا تھا جس میں ارجنٹینا نے فاتح کا تاج اپنے سر پر سجایا تھا۔