The news is by your side.

فیفا ورلڈ کپ، اِدھر گولز تو اُدھر کروڑوں ڈالرز کی برسات ہوگی

فیفا ورلڈ کپ شروع ہونے میں صرف دو دن باقی ہے قطر میں اس میگا ایونٹ میں ایک طرف گولز تو دوسری طرف کروڑوں ڈالرز کی برسات ہوگی۔

قطر میں دنیا کے سب سے مقبول ترین کھیل کے سب سے بڑے مقابلے شروع ہونے میں صرف دو روز باقی ہیں، شائقین بے چینی سے اس کا انتظار کر رہے ہیں تو کھلاڑی بھی اسٹیڈیم میں اپنے کھیل کی مہارت دکھانے کے لیے بے تاب ہیں۔

دنیائے کھیل کے اس سب سے بڑے ایونٹ کی پرائز منی بھی سب سے زیادہ ہے۔ مجموعی طور پر 44 کروڑ ڈالر شریک ٹیموں میں ان کی کارکردگی کے حساب سے تقسیم کیے جائیں گے۔

اس میگا ایونٹ میں اپنے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے ٹرافی اٹھانے والی فاتح ٹیم کو 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے جب کہ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ ڈالرز ملیں گے۔

ٹورنامنٹ میں تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم 2 کروڑ 70 لاکھ اور چوتھے نمبر کی ٹیم 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی حقدار ہوں گی۔

کوارٹر فائنل ہارنے والی ہر ٹیم ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر پائے گی جب کہ پری کوارٹر فائنل ہارنے والی ٹیمیں بھی خالی ہاتھ گھر واپس نہیں جائیں گی انہیں ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر ملیں گے۔

گروپ مرحلے سے ناک آؤٹ ہونے والی ٹیموں کے ہاتھ نوے نوے لاکھ ڈالرز آئیں گے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں