لاس اینجلس(19 جون 206): فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا ہرزوگوینا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے عبرتناک شکست دے کر 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔
لاس اینجلس میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر کئی حملے کیے، تاہم کوئی بھی ٹیم برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور وقفے پر مقابلہ صفر صفر سے برابر تھا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ان کے حملوں میں شدید تیزی آئی۔ سوئس کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انجری ٹائم سمیت محض 23 منٹ کے دوران 4 گول داغ دیے۔
سوئٹزرلینڈ کی جانب سے متبادل کھلاڑی یوہان منزمبی نے 2 گول اسکور کیے، جبکہ روبین ورگاس اور زاکا نے ایک ایک گول کر کے ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔
دوسری جانب میچ کے دوران بوسنیا کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب ان کے ایک کھلاڑی موہاری مووچ کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔ بوسنیا کی جانب سے واحد تسلی بخش گول 93 ویں منٹ میں محمک نے اسکور کیا۔
میچ کا اختتام سوئٹزرلینڈ کی 1-4 سے فتح پر ہوا، جس کے بعد سوئٹزرلینڈ نے مجموعی طور پر 4 پوائنٹس حاصل کر کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی راہ ہموار کر لی ہے۔


