بوگاٹا: جنوبی امریکی ملک کولمبیا کی جیل میں قیدیوں کے درمیان خونی تصادم کے نتیجے میں 49 ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق خونی تصادم کا واقعہ کولمبیا کے جنوب مغربی شہر تولووا کی جیل میں پیش آیا ہے جہاں تصادم کے دوران قیدیوں نے گدوں کو آگ لگادی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے سیل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ میں اب تک 51 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوئے ہیں، اس ہنگامہ آرائی میں پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں 12 سو سے زائد قیدی موجود ہیں جبکہ جس سیل میں آگ لگی وہاں 180 قیدی رہائش پذیر تھے۔
پولیس نے بتایا کہ کئی قیدیوں نے موقع سے فائدہ اُٹھا کر فرار ہونے کی بھی کوشش کی، تاہم کوئی قیدی فرار ہونے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
خیال رہے کہ جنوبی امریکی ممالک کی جیلوں میں خونی تصادم کے واقعات عام ہیں، اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی ایکواڈور کی جیل میں دوگروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 43 قیدی ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
جیل میں ہونے والے فسادات کے باعث 220 قیدی جیل سے فرار ہوگئے، جن میں سے 112 کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔