صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں کلب کرکٹ چیمپئن شپ کے دوران امپائر اور کھلاڑی ایک دوسرے پر پل پڑے۔
تفصیلات کے مطابق وہاڑی کی تحصیل بورے والا میں کلب کرکٹ چیمپئن شپ کے دوران امپائر اور کھلاڑی گُتھم گُتھا ہوگئے، دونوں نے ایک دوسرے پر تھپڑوں کی بارش کردی۔
ٹورنامنٹ کے دوران کسی تنازعے پر امپائر اور کھلاڑی کے درمیان تلخ کلامی جھگڑے کی شکل اختیار کرگئی۔
دونوں نے پرواہ کیے بغیر ایک دوسرے پر حملے کیے، لڑائی کے دوران کرسی بھی ماری گئی، یہ واقعہ بورے والا میں کلب چیمپئن شپ کے دوران پیش آیا۔
کلب لیول پر اس طرح کے جھگڑے اور لڑائیاں ماضی میں بھی دیکھی جاچکی ہیں۔ کئی مرتبہ ٹیموں کو بھی آپس میں گتھم گتھا دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل متعدد ویڈیوز میں لڑکے بلوں سے بھی حملہ کرتے نظر آئے۔