شمشاد بیگم المعروف شمّی فلمی دنیا کی ایک حسین و جمیل اداکارہ تھیں۔ وہ 1950ء میں پنجابی فلم ’’شمّی‘‘ سے مشہور ہوئیں۔ وہ پہلی اداکارہ تھیں جن کے نام پر کوئی فلم بنائی گئی تھی۔ ’’شمّی‘‘ کام یاب فلم ثابت ہوئی جس میں اداکارہ کے ساتھ سنتوش کمار ہیرو بنے تھے۔ اس فلم کے نغمات نے بھی ہر طرف دھوم مچا دی۔ اس کی فلم ساز نام ور گلوکارہ ملکہ پکھراج تھیں۔
شمشاد بیگم 1937ء میں دہلی میں پیدا ہوئیں۔ ابتدائی تعلیم دہلی ہی کے ایک گرلز اسکول میں حاصل کی اور یہی وہ وقت تھا جب تقسیم کا اعلان ہوا اور ان کا خاندان ہجرت کرکے پاکستان کے شہر لاہور آگیا۔ شمشاد بیگم کو اداکاری کا شوق چونکہ بچپن سے ہی تھا اور پاکستان میں ان کی ملاقات عیسی غزنوی سے ہوئی جنھوں نے معروف فلمی ہدایت کار لقمان کو سفارش کی تو نوعمر شمشاد بیگم کو فلم شاہدہ میں ایک مختصر رول مل گیا۔ بعد میں ہدایت کار نذیر اجمیری کی فلم میں نظر آئیں اور کام یاب رہیں۔ عیسی غزنوی تشہیر اور طباعت کے کاروبار سے وابستہ تھے جنھوں نے اپنے فلمی جریدہ ”فلم لائٹ” میں ان کی تصویریں اور فن کارانہ صلاحیتوں پر مضامین شایع کرنے شروع کر دیے۔ یوں اداکارہ نے 50ء کی دہائی میں پاکستانی فلمی صنعت کی ہیروئنوں میں اپنی جگہ مضبوط کرلی اور اپنا ایک الگ مقام بنایا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک عمدہ اداکارہ تھیں جو اپنے چہرے کے تاثرات سے کردار کو بخوبی نبھاتی تھیں۔ 1953ء میں ان کی فلم ’’الزام‘‘ بھی بہت پسند کی گئی۔ اسی سال ان کی ایک قابلِ ذکر فلم ’’محبوبہ‘‘ بھی ریلیز ہوئی جس میں شمی کے ساتھ سنتوش کمار اور آشا پوسلے نے کام کیا تھا۔ فلم ’’تڑپ‘‘ بھی اسی سال ریلیز ہوگئی جس میں ان کے ساتھ سدھیر اور علاؤالدین نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے اور اسی فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ شمّی اور مقبول ترین جنگجو ہیرو سدھیر ایک دوسرے سے واقف ہوئے اور پھر انھوں نے شادی کر لی۔ ’’بغاوت‘‘ شمّی کی آخری فلم تھی جو ان کے شوہر سدھیر نے بنائی تھی۔
اداکارہ شمّی کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ان کے مکالمے بولنے کا انداز بھی بہت اچھا تھا۔ وہ ایسی اداکارہ تھیں جن کی فلمیں اس دور میں بھارتی فلموں کے مقابلے پر ریلیز ہوتی تھیں۔ 2001ء میں آج ہی کے روز اداکار شمّی کا لاہور میں انتقال ہو گیا تھا۔ فلمی صنعت کی تاریخ میں انھیں ایک باصلاحیت اداکارہ کے علاوہ اس امتیازی حیثیت میں یاد رکھا جائے گا کہ انھوں نے جتنا کام کیا اسے بھارتی فلموں کے مقابلے پر پیش کیا جاتا تھا۔


