لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری کاکہنا ہے کہ قوم کو پاکستان اورکرپٹ خاندان میں سے کسی ایک کاانتخاب کرناہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی عوامی تحریک کی جانب سے منتعقد کیے گئے تحریکِ قصاص کے دھرنوں میں موجود احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’ عدلیہ کو مظلوموں کی پکار ہرصورت سننا ہوگی ور نہ اگر عوام کا اعتبار اٹھ گیا تو صورتحال بہت خراب ہوگی‘‘۔
پڑھیں : تحریک قصاص حکمرانوں کو منطقی انجام تک پہنچائے گی، طاہر القادری
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ریاستی ادارے شریف خاندان کی ذاتی جاگیر بن گئے ہیں جمہوریت کے نام نہاد علمبرداروں نے ملک میں بدترین آمریت مسلط کردی ہے‘‘۔
عوامی تحریک کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ’’منہاج القرآن کے کارکنان صرف میرے حکم کے منتظر ہیں اگر میں نے اجازت دی تو کارکنان نوازشریف سے لڑ کر اقتدار کا خاتمہ کرسکتے ہیں مگر ہم امن پسند اور جمہوریت کے حامی ہیں‘‘۔
مزید پڑھیں : جنرل راحیل شریف فوجی عدالت سے انصاف دلائیں، طاہر القادری کا مطالبہ
طاہرالقادری کا مزید کہنا تھا کہ ’’ ابھی صرف ابتداء کی تو حکومت گھبرا گئی ہے ، 30 اگست کو فیصلہ کن دھرنا دیں گے اور ملک کو ظالم جابر حکمرانوں سے نجات دلوائیں گے‘‘۔
واضح رہے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے کارکنان کا قصاص لینے کے لیے عوامی تحریک کی جانب سے آج اسلام آباد سمیت ملک کے 5 بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گیے تھے بعد ازاں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔