پشاور : بجٹ تیاریوں کے لئے محکمہ خزانہ نے جمعہ کے روز ‘ورک فرام ہوم’ کی سہولت ختم کر دی اور جمعہ کو باقاعدہ ‘ورکنگ ڈے’ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ خیبر پختونخوا نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی بروقت تکمیل کے لیے انتظامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
محکمہ خزانہ نے بجٹ سائیکل کے باقاعدہ آغاز کے ساتھ ہی افسران اور ملازمین کی حاضری اور دستیابی سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ بجٹ کی تیاریوں کی حساسیت اور کام کے بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے جمعہ کے روز ‘ورک فرام ہوم’ کی سہولت ختم کر دی گئی ہے۔
اب جمعہ کو باقاعدہ ‘ورکنگ ڈے’ قرار دے دیا گیا ہے تاکہ بجٹ سے متعلق امور میں کوئی تاخیر نہ ہو۔
بجٹ ٹیم کی ہر وقت دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے درج ذیل سخت فیصلے کیے گئے ہیں ، محکمہ خزانہ کے افسران اب بغیر اجازت اسٹیشن (شہر) نہیں چھوڑ سکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی افسر چھٹی پر بھی ہو، تو اسے بجٹ سے متعلق ہنگامی امور کے لیے اپنی دستیابی یقینی بنانا ہوگی۔
تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجٹ کی تیاری کے دوران کسی بھی وقت طلب کیے جانے پر فوری طور پر دفتر پہنچنے کے لیے تیار رہیں۔
محکمہ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بجٹ کی تیاری کے عمل کو شفاف، تیز رفتار اور غلطیوں سے پاک بنانا ہے کیونکہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ آئندہ بجٹ تمام قانونی اور انتظامی مراحل طے کر کے وقتِ مقررہ پر پیش کیا جا سکے، جس کے لیے فنانس ڈیپارٹمنٹ میں اضافی کام کے اوقات کار کا سلسلہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


