اسلام آباد (6 مئی 2026): وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایران امریکا تنازع میں ہماری قیادت کی ثالثی رنگ لا رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران امریکا تنازع میں ہماری قیادت کی ثالثی رنگ لا رہی ہے، دعا ہے تنازع جلد ختم ہو جائے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور چیلنجز کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ مستحکم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ کرنٹ اکاؤنٹ اور ادائیگیوں کے توازن پر ہے۔ صرف اپریل میں 24 ہزار نئے سرمایہ کار مارکیٹ میں آئے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ کاروباری افراد کے پاس اضافی ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی لیکویڈیٹی موجود ہے جب کہ حکومتی اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ این ایف سی میں مشاورت سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ معیشت کی بہتری کیلیے کتابی باتیں نہیں بلکہ عملی اقدامات کر رہے ہیں تاہم علاقائی کشیدگی کے پیش نظرمحتاط حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


