واشنگٹن : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد اظہور سے ملاقات میں اسٹاف لیول معاہدے پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جلد بورڈ منظوری کی امید ظاہر کردی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد اظہور اور مشن ٹیم سے ایک اہم ملاقات کی ہے، جس میں ملکی معاشی صورتحال، اصلاحاتی ایجنڈے اور مالیاتی اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے اسٹاف لیول معاہدے پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ جلد اس کی حتمی منظوری دے دے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ بورڈ کی منظوری سے ملک میں جاری معاشی اصلاحات کی رفتار کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری حالیہ تنازع کو دورِ حاضر کا بڑا "سپلائی شاک” قرار دیا۔
انہوں نے آئی ایم ایف حکام کو اس تنازع کے نتیجے میں پاکستانی معیشت پر پڑنے والے اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت معاشی نمو اور مہنگائی پر پڑنے والے ان اثرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے یوروبانڈ کی کامیاب اور بروقت ادائیگی کو پاکستانی معیشت کے لیے ایک بڑا مثبت قدم قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی تمام آئندہ بین الاقوامی مالی ذمہ داریاں بروقت پورا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، ملاقات میں ٹیکس محصولات بڑھانے، مالیاتی و ساختی اصلاحات اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے ضروری اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
Shoaib Nizami reports Finance, Fedeal Board of Revenue, Planning , Public Accounts, Banking, Capital Market, SECP, IMF, World Bank, Asian Development Bank, FATF updates for ARY News


