کراچی : ایف آئی آر کے اندراج کیلئے شہریوں کے مختلف تھانوں کے دھکے کھانے کا معاملے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایک مرتبہ پھر بڑا حکم نامہ جاری کردیا۔
ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کراچی نے تمام تھانیداروں کو ایف آئی آر فری رجسٹریشن پر فوری عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمہ درج نہ کرنے پر تھانیدار کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی وقت تھانے جاکر مقدمہ درج کروا سکتے ہیں، جرائم کا شکار شہری ایف آئی آرکا اندراج لازمی کرائیں اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی میں شہری پولیس کا ساتھ دیں۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ منظم گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات دیے ہیں، مشاہدہ کیا ہے کہ ایس ایچ اوز کوئی کام نہیں کر رہے، کام نہ کرنے والے ایس ایچ او کو گھر بھیجا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ ڈیفنس، کلفٹن میں تمام گینگز کو ختم کردیا گیا تھا، جرائم پیشہ گروہ ایک بار پھر فعال ہوگئے، کراچی سے زیادہ جرائم کی شرح لاہور میں ہے۔
غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ لاہور میں سالانہ 2 لاکھ سے زائد وارداتیں ہوتی ہیں، کراچی میں جرائم کی روک تھام کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ چند روز مانیٹرنگ کے بعد مزید اہم فیصلے کریں گے۔