مریم نواز انوکھی نہیں جوقانون سے بالاتر ہوں، فردوس عاشق اعوان jit
The news is by your side.

Advertisement

مریم نواز لاڈلی ہوں گی لیکن قانون سے بالاتر نہیں، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز کوئی انوکھی یا لاڈلی بیٹی نہیں جو قانون اور آئین سے بالاتر ہوں ویسے بھی مسلم لیگ (ن) جے آئی ٹی کا میچ ہار چکی ہے۔

حال ہی میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والی سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) اور اپنی سابقہ جماعت پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا۔

مسلم لیگ (ن) نے مظلومیت لا لبادہ اوڑھ رکھا ہے 


انہوں نے کہا کہ اثاثہ جات سے متعلق ریکارڈ میں رد وبدل کرنے پر ناکامی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہونے والی مسلم لیگ (ن) کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں اس لیے وہ اب مظلوم کا لبادہ اوڑھے ظلم کی جھوٹی داستانیں سنا رہی ہے۔

جے آئی ٹی کا قیام عمران خان کی محنت کا ثمر ہے 


انہوں نے حکومت کو احتساب کے کٹہرے تک لانے کے لیے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگرعمران خان فرنٹ پر نہ آتے تو پاناما کیس کب کا دب چکا ہوتا لیکن ان کی بردباری اور قوم سے محبت نے انہیں شریف خاندان کے سامنے کھڑا کیا۔

جمشید دستی گرفتار اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار آزاد 


فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کودہشت گرد قراردینے والوں نے ماڈل ٹاؤن کے ملزم آزاد چھوڑے ہیں اور ملک کو تباہی کے دہانے پہ لاکھڑا کیا ہے اور اگر یہ لوگ یوں ہی اقتدار سے چمٹے رہے تو خاکم بدہن ملک کا دیوالیہ نہ ہو جائے۔

مریم نواز لاڈلی ہوں گی لیکن قانون سے بالاتر نہیں 


جے آئی ٹی کی جانب سے مریم نوازکو طلب کرنے پر چراغ پا مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نوازانوکھی لاڈلی بیٹی نہیں جو قانون سے بالاترہوں،اب تو مغل اعظم کو بھی کرپشن پر جے آئی ٹی میں پیش ہونا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سپرم کورٹ پرحملہ کرنے والا مائنڈ سیٹ پھرحملے کی تیاری کر رہا ہے جو اب اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے اب اسٹیٹس کو اورمک مکا کا دورختم ہوچکا ہے۔

شیر کی کھال پہن کر گیڈر میچ کھیل رہے ہیں 


رہنما تحریک انصاف فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شیرکی کھال پہن کرگیدڑ یک طرفہ میچ کھیل رہے تھے جب کہ خان صاحب کے کھلاڑی چوکے چھکے لگا کرگیند اسٹیڈیم سے باہر پھینکیں گے اور کرپٹ لوگوں کو شکست فاش دیں گے۔

پیپلز پارٹی کی ٹوکری خالی ہو چکی ہے 


انہوں نے اپنی سابقہ جماعت پیپلز پارٹی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی ٹوکری خالی ہوگئی ہے اور اب پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو والی پیپلز پارٹی نہیں رہی بلکہ اب پی پی کی سیاست زر کے ارد گرد گھومتی ہے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں