سیالکوٹ : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے جی سی یونیورسٹی کی طالبات کو 100اسکالرشپس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہارجیت آپ میں اسپورٹس مین شپ پیداکرتی ہے، اپنےاندر تبدیلی لائے بغیر کوئی بھی تبدیلی کارگر ثابت نہیں ہوسکتی۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا جی سی یونیورسٹی پاکستان کامثبت تشخص اجاگر کررہی ہے، خواتین کے حق کی آواز بن کر نمائندگی کررہی ہوں، قومی مفاد کی خاطر اپنا مفاد قربان کرنا چاہیے، حضورﷺ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ہماری ذمہ داری حکومت کا بیانیہ میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانا ہے، علامہ اقبال نے سوئی ہوئی قوم کو اپنے اشعارسےجگایا، علامہ اقبال نے عوام میں نئی روح پھونکی اور خودداری کا در س دیا، انھوں نے بہت پہلے ہندوتوا کی سوچ کو جان لیا تھا اور قائداعظم سے ملکر اپنے خواب کو تعبیر دی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان قدرتی وانسانی وسائل سے مالا مال ہے، لیکن پاکستان میں اکثریت ایک فرسودہ نظام کی غلام بن گئی، قوم کوذہنی غلامی سےنجات دلانے کیلئے ہمیں جدوجہد کرنا ہوگی، خواتین مل کر گلےسڑےنظام سے نجات کیلئے کردارادا کرسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست کے میدان میں دھکے کھاتے ہوئےمجھے20سال ہوگئے ، ڈاکٹر دکھی انسانیت کے زخموں پرمرہم رکھ کر کردار ادا کرتے ہیں ، اپنےاندر تبدیلی لائے بغیر کوئی بھی تبدیلی کارگر ثابت نہیں ہوسکتی، آپ اور ہم سب نے مل کر اس نظام کو بدلنا ہے ، ہم نے سب سے پہلے اپنی سوچ کو بدلنا ہے ، قانون کی مؤثر حکمرانی کے لئے معاشرے کوبدلنا ہوگا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا عارضی پالیسیاں ہمارے معاشرے کا المیہ رہی ہیں، موجودہ حکومت ملک کو آگے لیکر جانا چاہتی ہے، خواتین کو سیاسی ، معاشی محاذ پر خود مختاری دیناہوگی، ملک میں یکساں نظام اور مؤثر تعلیمی پالیسی بنائیں گے ، اپنے نظریات پر کھڑے ہو کر حق، سچ کا راستہ اپنائیں، ملک کا وقار مجروح کرنیوالوں کو معاف کرنا مشکل ہوتا ہے۔
معاون خصوصی نے جی سی یونیورسٹی کی طالبات کو 100اسکالرشپس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہار جیت آپ میں اسپورٹس مین شپ پیداکرتی ہے، سیاست دانوں سے نظریاتی اختلافات ہوسکتے ہیں، ملکی تشخص کو نقصان پہنچانے والوں کو کبھی معاف نہیں کیا جاسکتا۔