اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول صاحب آپ کی جمہوریت کا مطلب لائسنس ٹو کرپشن ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قوم آپ کی لوٹ مار والی جمہوریت نہیں بھولی، دو خاندانوں نے موروثی سیاسی آمریت کو پروان چڑھایا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ لوگ جمہوریت کو صرف اس وقت تسلیم کرتے ہیں جب اقتدار میں ہوں، ان کو عمران خان سے تکلیف اس لیے ہے کہ انہوں نے حقیقی عوامی راج قائم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر وہ الیکشن دھاندلی زدہ ہوجاتا ہے جس میں یہ دونوں پارٹیاں ہار جائیں، گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں سندھ کو تقریباً 200 ارب روپے اضافے دئیے۔
مزید پڑھیں: ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا، بلاول بھٹو زرداری
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ بجٹ صرف پاکستان کے عوام اور ان کی فلاح کے لیے ہے، یہ لٹیرے بھول جائیں بجٹ سے اپنا بھتہ وصول کرلیں گے، بھول جائیں منی لانڈرنگ، ہنڈی سے کرپشن کا پیسہ باہر بھجوا سکیں گے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے، مہنگائی سے ملک کا ہر طبقہ پریشان ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے کسان، تنخواہ دار ہو یا محنت کش طبقہ سب پریشان ہیں، بجلی،گیس، دالیں،ڈالر پیٹرول، دودھ ،دوائیں ،علاج مہنگا کردیا گیا، جینا اور مرنا بھی مہنگا کردیا، بس خون سستا کردیا گیا، حکومت کے پہلےسال عوام اس کے جانےکی بات کررہے ہیں۔