جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

طاقت ور لوگوں نے قانون اور اداروں کو یرغمال سمجھا ہوا تھا: فردوس عاشق اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نیب ایک فعال ادارہ بن کر کام کر رہا ہے، طاقت ور لوگوں نے قانون اور اداروں کو یرغمال سمجھا ہوا تھا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاقت ور لوگوں نے قانون اور اداروں کو یرغمال سمجھا ہوا تھا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت کسی ادارے کو کام سے نہیں روک رہی، نیب ایک فعال ادارہ بن کر کام کر رہا ہے۔ پوچھے جانے پر مسلسل حقائق چھپانے پر گرفتار کرنا پڑتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ نیب قانون کا سب پر یکساں اطلاق ہوتا ہے، مریم نواز سزا یافتہ اور ضمانت پر ہیں۔ انہیں اسی کیس میں پھر طلب کیا گیا ہے۔ مجرم عدالت میں ایسے آتے ہیں جیسے ورلڈ کپ جیت کر آئے ہوں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ عدالت نے مریم نواز کو بے گناہی ثابت کرنے کے لیے ہی طلب کیا ہے۔ آج کیس کا سمری ٹرائل ہے، مریم نواز کو بے گناہی ثابت کرنا ہوگی۔

گزشتہ روز فردوس عاشق اعوان نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے معاملے پر کہا تھا کہ شاہد خاقان کو مسلسل نیب دفتر بلایا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی اطلاعات میڈیا کے ذریعے ملی ہیں، نیب کے پاس وارنٹ ہوگا اسی لیے انہوں نے گرفتار کیا۔ قانون کی حکمرانی یقینی بنانا حکومت کا فرض ہے، قانون کے مطابق ہی ملک چل سکتا ہے اور آگے بڑھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ادارے آزاد ہیں ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے، ادارے با اختیار انداز سے کام کریں گے تو رول آف لا ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اداروں کو طاقتور بنایا ہے۔ جو بھی جرم کرے گا قانون کی گرفت میں آئے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں