اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے اےپی سی میں انکوائری کمیشن کی مخالفت حساب نہ دینے کا بہانہ ہے اور نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کو مسترد کرنا قومی ترقی کے عمل میں رکاوٹ بننے کے مترادف ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا اےپی سی میں انکوائری کمیشن کی مخالفت حساب نہ دینے کا بہانہ ہے، یہ قرضوں کے حقائق عوام سے چھپانا چاہتے ہیں، نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کو مسترد کرنا قومی ترقی کے عمل میں رکاوٹ بننے کے مترادف ہے، یہ نیشنل ڈویلپمنٹ نہیں صرف پرسنل ڈویلپمنٹ چاہتے ہیں۔
اے پی سی میں انکوائری کمیشن کی مخالفت حساب نہ دینے کا بہانہ ہے۔ یہ قرضوں کے حقائق عوام سے چھپانا چاہتے ہیں۔نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کو مسترد کرنا قومی ترقی کے عمل میں رکاوٹ بننے کے مترادف ہے۔یہ نیشنل ڈویلپمنٹ نہیں صرف پرسنل ڈویلپمنٹ چاہتے ہیں۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) June 27, 2019
گذشتہ روز اے پی سی کے بعد اپوزیشن رہنماﺅں کی مشترکہ پریس کانفرنس کے رد عمل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ے پی سی میں خواہشات کے تابع پتلی تماشا چلتا رہا، سب نے دیکھ لیا ہے کہ حکومت گرانے کی دھمکیاں دینے والے ایک بیانیہ پر متفق نہیں ہوسکے، اپوزیشن رہنماؤں نے کرپشن لفظ کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔
مزید پڑھیں : اپوزیشن کو کوششوں کے باوجود اقتدار کا چاند نظر نہیں آیا، فردوس عاشق اعوان
ان کا کہنا تھا ملک کو اس نہج پر پہنچانے والے10ماہ کی حکومت پربول رہے ہیں، کہتے تھے کہ بجٹ عوام دشمن ہیں اسے منظور نہیں ہونےدیں گے، یہ بجٹ منظور ہوگا اس کے ساتھ سلامتی اور ملکی دفاع جڑا ہے، یہ بجٹ ضرور منظور ہوگا کیوں کہ اس کے ساتھ اپوزیشن کی دال روٹی بھی جڑی ہے، بجٹ پاس نہ ہوا تو اپوزیشن ارکان کی دال روٹی بند ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ اے پی سی کے بعد اپوزیشن رہنماﺅں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ25جولائی کو یوم سیاہ منایا جائے گا، عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا، اے پی سی کے فیصلوں پر عمل در آمد کیلئے رہبر کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔