تازہ ترین

پاکستان چین آزاد تجارتی معاہدے کا آغاز لازوال دوستی کا مظہرہے،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا معاہدہ دونوں ممالک میں لازوال دوستی کا مظہرہے ، آئندہ دنوں میں سی پیک،پاک چین دوستی پرمزید اچھی خبریں آئیں گی۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے ویب سائٹ ٹوئٹر پر چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر مبارک دیتے ہوئے کہا دونوں ممالک کےعوام اوردوستوں کےلئےاچھی خبر ہے، آئندہ دنوں میں سی پیک،پاک چین دوستی پرمزید اچھی خبریں آئیں گی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آزادتجارتی معاہدہ دونوں ممالک میں لازوال دوستی کا مظہرہے، تاجروں کوچین میں زیرو ڈیوٹی شرح سے مصنوعات برآمد کرنے کی سہولت ملے گی۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پاکستان کاٹیکسٹائل شعبہ سب سے زیادہ مستفید ہوگا اور زراعت، چمڑا ، کنفکشنری، بسکٹ تیارکرنے والے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے جبکہ پاکستانی مصنوعات چین برآمد کرسکیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی منڈیوں میں 313نئی مصنوعات کی برآمدات کاموقع ملےگا، پاکستان742مصنوعات کی برآمدپرصفرڈیوٹی کی رعایت سے مستفید ہو رہا ہے، دوسرے مرحلے میں پاکستان کو 1047 مصنوعات کی برآمد کی اجازت مل جائےگی۔

Comments