The news is by your side.

Advertisement

اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی یتیم معاشی استحکام بگاڑنا چاہتے ہیں، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے سیاسی یتیم معاشی استحکام بگاڑنا چاہتے ہیں، حکومت شہریوں کو یرغمال نہیں ہونے دے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو برطانوی شاہی جوڑا پاکستان آکر ہمارے ملک کا روشن چہرہ دنیا کو دکھارہا ہے، دنیا بھر میں پاکستان کامثبت تشخص ابھررہا ہے تو دوسری جانب مولانا فضل الرحمان مسلح جتھے دنیا کو دکھارہے ہیں، یہ مٹھی بھر عناصر اپنی ذات سے جڑا بیانیہ لے کر گھوم رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے سیاسی یتیم ملک کا معاشی استحکام بگاڑنا چاہتے ہیں لیکن حکومت شہریوں کو کسی صورت یرغمال نہیں ہونے دے گی، اپوزیشن جماعتوں کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔

علاوہ ازیں اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف وزارتوں سے تجاویز طلب کر لی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے منڈیوں تک سامان کی ترسیل کے لیے مڈل مین کے کردار کو ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پچھلے سال گندم کا ذخیرہ نہیں کیا جس سے کراچی اور حیدرآباد میں آٹا مہنگا ہوا، واضح رہے کہ وزیراعظم مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کر چکے ہیں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں