اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیح یہی رہی ہے کہ بجٹ عوام دوست بنایا جائے، وزیراعظم عمران خان نے بجٹ میں غریب عوام کو ترجیح دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام سے متعلق وزیراعظم جلد ترجیحات سامنے رکھیں گے، وفاقی بجٹ تحریک انصاف کے منشور کا عکاس ہوگا، بجٹ میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کا معاشی استحکام اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ 11 جون کو حکومت اپنا پہلا وفاقی بجٹ پیش کرنے جارہی ہے، بجٹ کے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں، تاثر دیا جارہا ہے کہ حکومت اپنا ہدف حاصل نہیں کرسکی، بجٹ سے متعلق حکومت نے کچھ ترجیحات طے کی ہیں۔
مزید پڑھیں: شہبازشریف نے وطن واپس آکرکسی پراحسان نہیں کیا، فردوس عاشق اعوان
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افواج پاکستان نے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہیں مانگا، وہ پیسہ بلوچستان، قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے بجٹ میں مختص کیا جائے گا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں امن و امان خراب کرنے کی سازش ہورہی ہے، قبائلی علاقوں کے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں، شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، افواج پاکستان کے شہید اہلکار ہمارا اثاثہ ہیں، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
رانا ثنا اللہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثنا کو معلوم نہیں باجی کے لفظ کا مقام، عزت کیا ہوتی ہے، سیاست میں نظریے سے اختلاف ہوسکتا ہے ذاتیات پر حملے نہیں ہونے چاہئیں۔