لاہور: معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ نے مک مکا سیاست کا حصہ بننے سے انکارکیا۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی میں طاقتورشخصیات نے اداروں کو کمزور رکھا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سینیٹ میں مخصوص جماعت کے چیئرمین آتے رہے ہیں، چھوٹے صوبے سے چیئرمین سینیٹ آنے سے تبدیلی آئی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے مک مکا سیاست کا حصہ بننے سے انکارکیا، صادق سنجرانی نے سینیٹ کوآئین وقانون کے تابع چلانا چاہا۔
اپوزیشن کی وجہ سے سینیٹ سیاسی ایڈونچر کا شکار ہے، فردوس عاشق اعوان
یاد رہے کہ گزشتہ روز معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی وجہ سے سینیٹ سیاسی ایڈونچر کا شکار ہے، چیئرمین سینیٹ سے کیا گستاخی ہوگئی کہ تحریک عدم اعتماد لے آئے ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیاسی پنڈت ضد کررہے ہیں کہ سینیٹ ان کی خواہش کے مطابق چلے، چیئرمین سینیٹ نے ظل سبحانی کی فرمائشیں پوری نہیں کی ہے، عدلیہ، فوج، ریاستی اداروں کے بعد سینیٹ پر لشکر کشی کی جارہی ہے۔