اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک کے آئین اور قانون میں اقلیتوں کو مساوی حقوق کی ضمانت فراہم کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ قومی پرچم کا سفید حصہ ملک میں موجود اقلیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے آئین اور قانون میں اقلیتوں کو مساوی حقوق کی ضمانت فراہم کی گئی ہے۔ نئے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنایا جائے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئندہ ماہ کی گیارہ تاریخ کو منائے جانے والے اقلیتوں کے دن کے موقع پر ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے ان کی خدمات کو یاد کیا جائے گا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے سندھ کی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت مخالفین کے خلاف کارروائی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے یہ ہتھکنڈے جمہوریت کی نفی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن مدارس کے طلبا کو ڈھال کے طور پراستعمال کررہے ہیں۔