جمعہ, فروری 13, 2026
اشتہار

کشمیری شہدائے کربلا کے راستے پر چل رہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آج ایک کرب و بلا کشمیر میں بپا ہے۔ پوری وادی جیل بن چکی ہے، کشمیری شہدائے کربلا کے راستے پر چل رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 10 محرم کا تاریخی دن شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جب حضرت امام حسین دین کی سرفرازی اور باطل کے سامنے ڈٹ گئے تھے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسلام کے روشن اور سنہری اصولوں پر سمجھوتہ قبول نہ کیا۔ یوم عاشور کا عظیم درس یہ ہے کہ مظلوم کا ساتھ دیا جائے اور حق و سچ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک وہ یوم عاشور تھا جس دن نواسہ رسول دین مبین کی سربلندی کے لیے سربکف تھے۔ آج ایک کرب و بلا کشمیر میں بپا ہے۔ کرفیو کا 39 واں روز ہے، پوری وادی ہی جیل ہے، اشیائے خور و نوش اور ادویات کی شدید قلت اور جنت نظیر کا دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔

اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ کربلا کا سبق ہے ’ظلم پھر ظلم ہے، بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے‘۔ پاکستانی قوم اسوہ شبیری پر عمل پیرا ہے، مظلوم کشمیریوں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ کشمیری شہدائے کربلا کے راستے پر چل رہے ہیں۔ ان کے حوصلوں کو آزمانے والوں کو شکست ہوگی۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں