کوئٹہ: کراچی میں گل پلازہ کے بعد کوئٹہ کے پرنس روڈ پر واقع پلازہ میں آگ بھڑک اٹھی تاہم آگ پر سات گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے مصروف علاقے پرنس روڈ پر واقع ایک چار منزلہ پلازہ میں خوفباک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔
آگ بجھانے کا عمل تاحال جاری ہے، تاہم سات گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ بجھانے کے دوران دو فائر فائٹرز بے ہوش ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، فائربریگیڈ کی دس سے زائد گاڑیاں آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ آگ دیگر دکانوں تک نہ پھیل سکے۔
ڈی آئی جی پولیس عمران شوکت نے کہا کہ پلازہ میں آگ صبح 5 بج کر 15 منٹ پر لگی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں موبائل فون، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر، گارمنٹس اور دیگر قیمتی سامان کی دکانیں موجود ہیں۔
ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا، جبکہ مارکیٹ میں موجود چوکیداروں کو بھی بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، اگرچہ آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا، تاہم اس کی شدت میں نمایاں کمی آ چکی ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور آگ بجھانے کے عمل کا معائنہ کیا۔
ڈی سی کوئٹہ کے مطابق فائر بریگیڈ نے فوری رسپانس دیا اور آگ پر ستر فیصد تک قابو پا لیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سمیت چار اداروں نے مشترکہ طور پر آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، جبکہ توقع ہے کہ ایک سے دو گھنٹوں میں آگ پر مکمل قابو پا لیا جائے گا۔
متاثرہ تاجروں کا کہنا ہے کہ پلازہ میں دو سو سے زائد دکانیں قائم ہیں، جن میں کمپیوٹر، موبائل، گارمنٹس اور جوتوں سمیت مختلف نوعیت کا سامان موجود تھا، آگ صبح چار بجے کے قریب لگی، تاہم انہیں اس کا علم صبح سات بجے ہوا۔
تاجروں نے الزام عائد کیا کہ فائربریگیڈ کا عملہ تاخیر سے پہنچا، اگر عملہ جلدی پہنچ جاتا تو آگ زیادہ نہیں پھیلتی، آگ شارٹ سرکٹ سے لگی یا بیٹری پھٹنے سے کچھ پتا نہیں۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ نقصانات کا تخمینہ آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد لگایا جائے گا۔
کوئٹہ کے پرنس روڈ پر چار منزلہ عمارت میں لگی آگ پر سات گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔۔ ضلعی انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کی دس سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف۔۔ فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کوشش کررہے ہیں آگ دیگر دکانوں تک نہ پہنچے۔۔ تاجر برادری کا کہنا ہے پلازہ میں دو سو سے زائد دکانیں ہیں بیسمنٹ بھی ہے
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


