کراچی: شہر قائد کے علاقے شارع فیصل پرواقع ایف ٹی سی بلڈنگ میں لگی آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارع فیصل پر واقع ایف ٹی سی بلڈنگ کی چھٹی منزل میں آگ لگ گئی، آگ کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے چھٹی منزل کومکمل طورپرلپیٹ میں لے لیا
آگ کے شعلے7منزلہ عمارت کے ٹاپ فلورکی طرف بڑھنے لگے، متاثرہ فلورسے متعدد افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملنے پرفائربریگیڈ کی گاڑیاں فوراً موقع پرپہنچیں،آپریشن میں 2 اسنارکلزسمیت12 گاڑیوں نے حصہ لیا۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارت میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، کولنگ کا عمل مکمل ہونے پرآگ لگنے کی وجوہات اور نقصانات کا تعین ہوگا۔
دوسری جانب کشمنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا کہ رات پونے 2 بجے کے قریب فائربریگیڈ کوآگ لگنے کی اطلاع ملی، فائربریگیڈ کی گاڑیوں نے بروقت پہنچ کرکام کا آغازکیا۔
قبل ازیں وفاقی وزیربحری امور علی زیدی نے کے پی ٹی فائرفائٹنگ ٹیم کوموقع پرپہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ فائرفائٹنگ ٹیم آگ بجھانے کے عمل میں مدد کرے۔
کراچی : شیرشاہ میں کپڑے کے گودام میں آتشزدگی
یاد رہے کہ تین روز قبل کراچی کے علاقے شیرشاہ کی کباڑی مارکیٹ میں واقع کپڑے کے گوادم میں آگ لگ گئی تھی جسے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد بجھا دیا گیا تھا۔