تازہ ترین

چین : مسافر کے بیگ میں ’ پاور بینک‘ پھٹنے سے طیارے کے اندر آگ بھڑک اُٹھی

بیجنگ : چین کے مسافر طیارے کے اندر رکھے مسافر کے بیگ میں پاور بینک پھٹنے کے باعث بھڑکنے والی آگ نے نشست کے اوپری جانب والے کیبن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، مسافروں اور عملے کی حاضر دماغی نے طیارے کو کسی بڑے حادثے سے بچالیا.

بین الااقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شنگھائی جانے والی چائنا سدرن ایئر لائن کی فلائیٹ سی زیڈ 3539 بورڈنگ کے لیے تیار تھی کہ طیارے کی نشست کی اوپری کیبن میں رکھے مسافر کے بیگ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، کیبن میں آگ کے شعلوں کو دیکھ کر مسافروں میں خوف کی لہر دوڑ گئی تاہم عملے اور ایک بہادر مسافر کی بروقت کارروائی نے بڑے سانحے سے محفوظ رکھا۔

آگ کی وجہ بننے والے بیگ کے مالک کو سیکیورٹی حکام نے اپنی تحویل میں لے کر ابتدائی بیان قلم بند کرلیا جس کے مطابق مسافر کے بیگ میں موجود پاور بینک کے پھٹنے کے باعث بیگ میں آگ لگی حالانکہ پاور بیگ اس وقت آف تھا جس پر حکام نے مسافر کو تفتیشی ادارے کے حوالے کردیا جنہوں نے چار گھنٹے کی طویل تفتیش کے بعد مسافر کے بیگ اور پھٹ جانے والے پاور بینک کو تحویل میں لے کر مسافر کو جانے دیا۔

طیارے میں آگ لگنے کے بعد طیارے کو اڑان بھرنے سے روک دیا گیا اور مسافروں کے لیے دوسرے طیارے کا بندوبست کیا گیا تاہم اس تمام مرحلے میں مسافروں کو تاخیر کے کوفت بھرے پانچ گھنٹوں سے گزرنا پڑا جس پر مسافروں نے انتظامیہ پر اپنے غصے کا اظہار بھی کیا اسی طرح مسافروں نے آگ بجھانے کے موثر انتظامات نہ ہونے پر بھی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

دوسری جانب چین کے محکمہ سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق طیارے میں مسافروں کا سامان رکھنے کے لیے نشست کی اوپری جانب موجود کیبن میں لگنے والی آگ کو فائر اینڈ فائٹنگ ڈپارٹمنٹ کے عملے نے بجھا دیا ہے جس کے باعث طیارہ کسی بڑے حادثے سے محفوظ رہا جس کے بعد مسافروں کو دوسرے طیارے کے ذریعے شنگھائی پہنچایا گیا۔

خیال رہے کہ طیارے کے اندر مسافروں کو موبائل استعمال کرنے اور بیٹریز کو چارج کرنے والے پاور بینک کو بند رکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے،موبائل فونز کے سگنل اور بیٹریز سے نکلنے والی لہریں حادثے کا سبب بن سکتی ہیں جب کہ طایرے کے اندر مخصوص درجہ حرات کے باعث موبائل فونز چارج کرنے والے پاور بینک اور بیٹریز کے پھٹنے کے خدشات بھی موجود رہتے ہیں چنانچہ طیاروں میں سفر کرنے والے افراد کو ان احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -