کراچی: شہر قائد میں فائربریگیڈ ایک اوربڑی آگ کےسامنےبےبس ہے ، شیرشاہ میں کپڑے کے گودام میں لگی آگ پر گیارہ گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیرشاہ قبرستان کےقریب گودام میں آگ لگ گئی، واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فائر فائٹنگ اپریشن شروع کر دیا۔
اریسکیو ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، گودام میں دھواں بھرنے کی وجہ سے فائر فائٹنگ اپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ باوزور سمیت 6فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں ،آگ بجھانے میں پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس سے مشکلات ہورہی ہے۔
حکام کے مطابق رات 2بجے کے قریب آگ لگی تھی ، جائے وقوعہ تک آنے والے رستے خستہ حال اور تنگ ہیں، گودام میں مختلف نوعیت کا کپڑا بڑی تعداد میں موجود ہے، پانی کی فراہمی میں تعطل کے سبب بھی آگ بجھانے میں وقت لگ رہا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی کراچی کے علاقے شیر شاہ میں واقع کپڑوں کے گودام میں لگی آگ بجھانے میں معاونت کررہے ہیں اور پاک بحریہ کے فائر ٹینڈر آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور نہ آتشزدگی کی وجہ فوری طور پر معلوم ہوسکی۔