کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہر اہ ِ فیصل پر کاسمیٹک فیکٹری میں آگ بھڑ ک اٹھی‘ امدادی ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل ‘ نرسری اسٹاپ کے نزدیک واقعہ کاسمیٹک فیکٹری میں بدھ کی صبح آگ بھڑک اٹھی‘ امدادی ذرائع کے مطابق آگ یکایک ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں لگی ‘ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تین فائر ٹینڈر اس وقت آگ بھجانے میں مصرو ف ہیں‘ فائر بریگیڈ حکام کی جانب سے فی الحال آگ کی نوعیت نہیں بتائی گئی ہے اور نہ ہی یہ بتایا جارہا ہے کہ کتنی دیر میں آگ پر قابو پالیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر موصول ہونے والی اس خبر میں دھماکے کی نوعیت اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں شہرِ قائد میں یہ دوسری فیکٹری ہے جس میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس سے قبل 31 اگست کو کراچی کے انڈسٹریل ایریا سائٹ میں لگنے والی آگ میں تین فائر فائٹرز سمیت کل پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔ آگ کے سبب فیکٹری کا ایک حصہ منہدم بھی ہوگیا تھا۔
فیکٹری انتظامیہ نے الزام عاید کیا تھا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر بقایا جات کی عدم ادائیگی کے سبب کچھ ملازمین نے جان بوجھ کر فیکٹری کو آگ لگائی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی کا شمار دنیا کے سب سے بڑے شہروں میں ہوتا ہے تاہم اس شہر کو ہمیشہ انفرا اسٹرچکر اور سہولیات کی فراہمی کے لیے فنڈز کی قلت کا سامنا رہا ہے‘ حکومت کی عدم توجہی کے سبب ایمرجنسی کے مواقع پر شہریوں کی زندگی شدید مشکلات کا شکار ہوجاتی ہے جیسا کہ گزشتہ بارشوں میں شہر میں سیلاب کی سی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔
اگر آپ بلاگر کے مضمون سے متفق نہیں ہیں تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئرکریں