کراچی: کورنگی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس چوکی انچارج شہزاد اختر جاں بحق ہوگیا، ایس ایس پی نے پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی ڈھائی نمبر چینوٹ اسپتال کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کورنگی آر چوکی کے انچارج شہزاد کو گھر جاتے ہوئے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس اہلکار کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، ڈاکٹر سیمی جمالی نے پولیس اہلکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’مقتول کو قریب سے گولیاں ماری گئیں تھیں جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوا‘‘۔
ایس ایس پی کورنگی نعمان صدیقی نے پولیس اہلکار کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’مقتول کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی جو کورنگی آر چوکی کا انچارج تھا، مسلح افراد نے اہلکار کو بہت قریب سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوا‘‘۔
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار کو ڈیوٹی سے گھر جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا تاہم جائے وقوعہ پر پہنچ کر پولیس افسران نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قاتلوں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
آئی جی سندھ کا نوٹس
بعدازاں آئی جی سندھ نے پولیس اہلکار کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے۔