اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیروری کرنے والے نیب راولپنڈی کےاسپیشل پراسکیوٹر پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے نیو سوہان گارڈن کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے نیب راولپنڈی کےاسپیشل پراسکیوٹر واصف خان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واصف خان کی گاڑی پر 2 فائر لگے اور خوش قسمتی سے وہ اس جان لیوا حملے میں محفوظ رہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور بیانات قلمبند کیے جارہے ہیں۔ مقامی پولیس نے واقعے سے متعلق شہریوں سے تفصیلات حاصل کی ہیں اور واصف خان کا بیان ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب واقعے پر نیب نے ردعمل دیتے ہوئے حملے کو ملزمان کی جانب سے تاخیری حربہ قرار دیا ہے، نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان چاہتےتھےکہ پراسکیوٹرکیس میں تاخیری حربےاستعمال کریں۔