اسلام آباد : انسداد سروائیکل کینسر ویکسینیشن کی پہلی قومی مہم مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ، مہم میں 36 لاکھ سے زائد والدین کا بچیوں کو ویکسین لگوانے سے انکار کیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پہلی انسداد سروائیکل کینسرویکسی نیشن مہم کے نتائج سامنےآگئے ، جس میں قومی مہم مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
ذرائع نے بتایا کہ مہم کے دوران قومی سطح پر 66.32 فیصد بچیوں کو ویکسین لگائی جا سکی جبکہ مہم کا ہدف 1 کروڑ 17 لاکھ 29 ہزار 787 بچیوں کی ویکسینیشن تھا، تاہم صرف 77 لاکھ 78 ہزار 918 بچیوں کو ویکسین دی جا سکی جبکہ تقریباً 44 لاکھ 86 ہزار 864 بچیاں ویکسینیشن سے محروم رہ گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مہم میں 36 لاکھ 41 ہزار 132 والدین نے بچیوں کو ویکسین لگوانے سے انکار کیا، جب کہ 8 لاکھ 1 ہزار 525 بچیاں ویکسینیشن کے دوران دستیاب نہیں تھیں۔ اس کے علاوہ 44 ہزار 207 بچیاں بیماری کے باعث ویکسینیشن سے محروم رہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں ہدف کا 68 فیصد حاصل ہوا، 52 لاکھ 23 ہزار 928 بچیوں کو ویکسین دی گئی، تاہم 31 لاکھ 63 ہزار 819 بچیاں محروم رہیں۔
سندھ میں کامیابی کی شرح 65.63 فیصد رہی، 24 لاکھ 10 ہزار 924 بچیوں کو ویکسین دی گئی، جبکہ 10 لاکھ 80 ہزار 638 بچیاں محروم رہیں۔
اسلام آباد میں کامیابی کی شرح سب سے کم رہی، ہدف کا 35.31 فیصد حاصل کیا جا سکا اور 46 ہزار 949 بچیوں کو ویکسین دی گئی، جبکہ 75 ہزار 476 بچیاں محروم رہیں۔
آزاد کشمیر میں صرف 39.57 فیصد ہدف حاصل ہوا، 97 ہزار 117 بچیوں کو ویکسین دی گئی، جبکہ ایک لاکھ 66 ہزار 931 بچیاں محروم رہیں۔
غیر حاضری کے اعداد و شمار کے تحت پنجاب میں 5 لاکھ 81 ہزار 610 بچیاں، سندھ میں 2 لاکھ 3 ہزار 986 بچیاں، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 477 بچیاں اور اسلام آباد میں 6 ہزار 452 بچیاں ویکسینیشن کے وقت موجود نہیں تھیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ انسداد ایچ پی وی ویکسینیشن مہم 15 سے 27 ستمبر تک جاری رہی اور یہ پنجاب کے 36، سندھ کے 30 اضلاع، آزاد کشمیر کے 10 اضلاع اور اسلام آباد کے 2 اضلاع میں چلائی گئی۔


