ہرارے: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنی ننھی بیٹی کے نام کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم نے گزشتہ روز پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کو شکست دی تھی، حسن علی نے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
حسن علی کا کہنا تھا کہ ہرارے میچ کی کارکردگی اپنی ننھی بیٹی کے نام کرتا ہوں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ میری واپسی کا سفر بہت مشکل تھا، 2 سال کرکٹ سے باہر رہا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی فٹنس پر بہت کام کیا تھا، فرسٹ کلاس کرکٹ میں لمبی کرکٹ کھیلنے کا کافی تجربہ ہوا ہے، پہلی بار بیک ٹو بیک اتنے فرسٹ کلاس میچز کھیلا تھا۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے زمبابوے کو اننگز اور 116 رنز سے شکست دے دی
حسن علی نے مزید کہا کہ جب باہر تھا تو ایک وقت تھا جب میں کافی پریشان تھا، رویا بھی تھا لیکن اپنی محنت کے سلسلے کو کبھی نہیں چھوڑا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سوچا تھا کہ کم بیک کروں اور ایسا کروں کہ دنیا دیکھے، میری سیلبریشن کا میری انجری سے کوئی تعلق نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں تو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا ہی کھیلنا ہے، میں ہمیشہ سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتا تھا۔