تازہ ترین

مودی یاترا کا ثمر، متحدہ عرب امارات کا پہلا مندر 2020 میں بنے گا

ابوظہبی: مودی یاترا کا ثمر سامنے آ گیا، ابوظہبی میں ہندوؤں کی پہلی عبادت گاہ 2020 میں بنے گی، یہ متحدہ عرب امارات کا پہلا مندر ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق مندر کی تعمیر کے لیے پتھر بھارت میں مندر کے خصوصی کاریگر تراشیں گے جنھیں متحدہ عرب امارات میں جوڑا جائے گا۔

خلیجی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مندر کی تعمیر کے لیے مقامی حکومت کے پاس قانونی طور پر رجسٹریشن کر دی گئی ہے، ایک عالمی ہندو مذہبی تنظیم بوشاسن واسی اکشر پرشوتم سنستھا کو اس کی تعمیر اور انتظام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

یو اے ای کے دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کا منصوبہ ابو ظہبی حکومت نے 2015 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے دوران منظور کیا تھا۔

مندر کی تعمیر کے لیے بنائی گئی کمیٹی تعمیر کا کام شروع کرنے لیے درکار قانونی ضرورت کے مطابق آئندہ ایک ماہ میں کنسلٹنٹس مقرر کرے گی، یہ کنسلٹنٹس مقامی قواعد و ضوابط کے مطابق مزید اقدامات اٹھائیں گے۔

چین سے مضبوط تعلقات پر متحدہ عرب امارات فخر کرتا ہے: یو اے ای حکام

الرحبہ میں ابو مریخہ کے مقام پر 14 ایکڑ زمین پر تعمیر کیا جانے والا یہ مندر سات میناروں پر مشتمل ہوگا جو یو اے ای کی سات امارات کی نمائندگی کریں گے۔

مشرقِ وسطیٰ میں عالمی ہندو مذہبی تنظیم کے انچارج سادھو برہما نے کہا ’مندر کی کمیٹی کو امید ہے کہ تعمیر کا کام 2020 تک مکمل ہو جائے گا۔‘ یو اے ای میں بھارتی سفیر نودیپ سنگھ سوری نے کہا ’کمیٹی اب لوگوں سے عطیات کے حصول کے لیے بینک اکاؤنٹ کھول سکتی ہے۔‘


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -