کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندی کا پہلا مرحلہ تکمیل کے قریب ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں یونین کمیٹیز، یونین کونسلز، ٹاؤنز، ٹاؤن کمیٹی اور میونسپل کمیٹیز کی حلقہ بندی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہےکہ کراچی میں 25 ٹاؤنز ،233یونین کمیٹیز کی حلقہ بندی کی گئی ہے، کچھ علاقوں کی حلقہ بندی سے متعلق حکام نے بتایا کہ سہراب گوٹھ ٹاؤن میں 8یوسیز، آبادی 4لاکھ 28ہزار سے زائد ہے، چنیسرٹاؤن کی آبادی5لاکھ 30ہزار سےزائد ہے جہاں 8یوسیز بنائی جارہی ہیں اسی طرح ملیر ٹاؤن کی 6لاکھ سے زائد آبادی ہے اور یہاں 11یونین کمیٹیز ہونگی۔
اسی طرح لاڑکانہ، سکھر،میرپورخاص، بےنظیرآباد اور حیدرآباد میں بھی ٹاؤن بنائے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست 16فروری کوشائع کرے گا، سندھ میں حلقہ بندیوں پراعتراضات 4مارچ تک جمع کرائےجاسکیں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ محکمہ بلدیات نے فیصلہ کیا تھا کہ سندھ میں نئے بلدیاتی ایکٹ کےمطابق حلقہ بندیاں ہوں گی جس کا گزٹ جاری کیا گیا تھا۔
محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے اجری گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کورنگی میں37 یونین کمیٹیز اور 5ٹاؤنز بنائےجائیں گے جب کہ ضلع جنوبی میں 2 ٹاؤنز اور 26یونین کمیٹیز ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں نئی حلقہ بندیاں، 26 ٹاؤنز اور 233 یونین کمیٹیاں
ضلع غربی میں3 ٹاؤن کونسلز اور 26 یونین کمیٹیز بنائی جائیں گی، ضلع ملیر میں 30یونین کمیٹیز، گڈاپ، ابراہیم حیدری، ملیرٹاؤن ہوں گےجبکہ ضلع وسطی میں45یونین کمیٹیزکی تعدادکم کردی گئی تھی جہاں اب 5 ٹاؤنزہوں گے۔
ضلع کیماڑی میں26 یونین کمیٹیز اور 3ٹاؤنز بنائےجائیں گے،ضلع شرقی میں سعید غنی کےحلقہ انتخاب میں چنیسرٹاؤن بنا دیا گیا ہے، ضلع شرقی میں43یونین کمیٹیز اور 5ٹاؤنز بنائےجائیں گے۔
شہید بےنظیر آبادمیں 10ٹاؤن کمیٹیاں اور سانگھڑمیں17ٹاؤن کمیٹیاں ہوں گی۔ نوشہروفیروز میں 12 اور حیدرآباد میں 10 ٹاؤن ہوں گے۔ جامشورو میں 9 اور مٹیاری میں8 ٹاؤن کمیٹیاں ہوں گی۔ دادو میں 9، ٹنڈومحمدخان میں7 اور ٹنڈوالہ یار میں4 ٹاؤن کمیٹیاں ہوں گی۔