پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ’رو رو شپمنٹ ‘کے ذریعے دو ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئیں۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری نے کہا کہ ایم وی گرینڈے شنگھائی نامی جہاز کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایل ٹرمینل پر لنگرانداز ہوگیا جہاں سے الیکٹرک گاڑیوں کی اتارنے کا عمل شروع کیا گیا۔
’رو رو‘ جہاز کا مطلب یہ جدید ترین جہاز رول آن اور رول آف ٹیکنالوجی کے ذریعے شپمنٹ کرتا ہے یعنی کسی کرین کی ضرورت نہیں ہوتی جہاز سے ایک پل پورٹ پر انسٹال ہو جاتا ہے جس سے گاڑیاں پورٹ سے براہ راست جہاز میں لوڈ اور ان لوڈ ہوتی ہیں۔
Latest Pakistan News and Breaking News from All over Pakistan
وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ رورو جہاز کے ذریعے پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پاکستان کی بحری تجارت کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رورو سسٹم کے تحت گاڑیوں کو براہ راست جہاز پر چڑھایا اور اتارا جاتا ہے جس سے وقت کی بچت، لاگت میں کمی اور سامان کی محفوظ ترسیل ممکن ہوتی ہے۔
وزیر بحری امور نے کہا کہ کراچی پورٹ پر پہلی رو رو ای وی شپمنٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی بندرگاہیں عالمی معیار کی جدید شپنگ اور لاجسٹکس سہولیات کی جانب تیزی سے گامزن ہیں۔


