اسلام آباد : سال 2026 کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہوگا تاہم پاکستان میں نہیں دیکھا جاسکے گا۔
تفصیلات کے مطابق ماہرینِ فلکیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو لگے گا، یہ ایک ‘اینولر’ (Annular) سورج گرہن ہوگا، جس کے دوران چاند سورج کے درمیانی حصے کو چھپا لے گا اور سورج کا بیرونی کنارہ ایک چمکتی ہوئی انگوٹھی کی طرح دکھائی دے گا، جسے "رنگ آف فائر” کہا جاتا ہے۔
پاکستان میں موجود فلکیات کے شوقین افراد یہ دلکش نظارہ نہیں دیکھ سکیں گے تاہم پاکستانی وقت کے مطابق اس گرہن کا آغاز دوپہر 12:01 بجے ہوگا۔
کن ممالک میں دیکھا جا سکے گا؟
مکمل گرہن (رنگ آف فائر) صرف انٹارکٹیکا میں مکمل طور پر نظر آئے گا جبکہ جنوبی امریکہ کے ممالک (چلی، ارجنٹائن) اور جنوبی افریقہ کے کچھ حصوں میں سورج کو جزوی گرہن لگے گا۔
"رنگ آف فائر” کیا ہے؟
یہ اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آ جاتا ہے، لیکن زمین سے اپنے بعید ترین فاصلے پر ہونے کی وجہ سے یہ سورج کو مکمل طور پر نہیں ڈھانپ پاتا، اس کے نتیجے میں سورج کے کناروں سے روشنی چھن کر آتی ہے جو ایک سنہری انگوٹھی کا منظر پیش کرتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


