اتوار, دسمبر 8, 2024
اشتہار

پہلا ٹی 20 میچ: آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ برسبین میں کھیلا گیا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں کینگروز نے گرین شرٹس کو 29 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

تین گھنٹے تک ہونے والی بارش کے باعث امپائرز نے ٹائم کٹوتی کرتے ہوئے میچ سات، سات اوورز تک محدود کر دیا تھا اور آسٹریلیا نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 94 رنز کا ہدف دیا تھا۔

- Advertisement -

گرین شرٹس کے پہاڑ جیسے ہدف کو دیکھ کر ہاتھ پاؤں ایسے پھولے کہ 16 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی اور ٹاپ آرڈر میں سے کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

کپتان محمد رضوان اور عرفان خان کو تو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہ ملا اور دونوں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ صاحبزادہ فرحان 8، عثمان خان اور سلمان آغا 4، چار، بابر اعظم 3 رنز ہی بنا سکے۔

24 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد حسیب اللہ اور عباس آفریدی نے تھوڑی مزاحمت کی کوشش کی تاہم حسیب اللہ 12 رنز بنا کر ایلس کی تیسری وکٹ بن گئے۔

پاکستان نے مقررہ 7 اوورز میں 9 وکٹیں کھو کر 64 رنز بنائے۔ عباس آفریدی 20 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 11 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے کامیاب بولر نیتھن ایلس رہے جنہوں نے دو اوورز میں 9 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور کوئی بیٹر ان کی گیند پر باؤنڈری نہ لگا سکا۔ برٹ لیٹ نے بھی 13 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈم زمپا نے 2 جب کہ اسپنسر جونسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔ ون ڈے میں ناکامی کا غصہ میکسویل نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نکالا اور 19 گیندوں پر 43 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی۔ مارکوس اسٹونس 7 گیندوں پر 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر عباس آفریدی رہے، جنہوں نے ایک اوور میں 9 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف نے 21 اور نسیم شاہ نے 37 رنز دے کر ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین شاہ 2 اوورز میں 25 رنز دے کر خالی ہاتھ رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے آسٹریلیا کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں دو ایک سے شکست دے کر 22 سال بعد ان ہی سر زمین پر سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ وہ کینگروز کے دیس میں ایشیا کی سب سے کامیاب ٹیم بھی بن گئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں