ڈھاکا (8 مئی 2026): پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز میزبان ٹیم نے کھیل کے اختتام تک چار وکٹوں پر 301 رنز بنا لیے۔
ڈھاکا ٹیسٹ کا پہلا دن بنگلہ دیشی بیٹرز کے نام رہا۔ پاکستانی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدائی دو وکٹیں جلد حاصل کرلیں۔ شادمان الاسلام 13 اور محمود الحسن جوئے 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
31 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان نظم الحسن شنٹو کریز پر آئے اور مومن الحق کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 170 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو مشکل سے نکالا۔
نجم الحسن شنٹو نے کیپٹن اننگ کھیلتے ہوئے سنچری اسکور کی اور 101 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ مومن الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 91 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
اس کے بعد پاکستانی بولرز کسی بنگلہ دیشی بیٹر کو پویلین بھیجنے میں ناکام رہے۔ مشفق الرحمان 48 اور لٹن داس 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس، حسن علی اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 16 مئی سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


