ملتان: جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستانی خواتی کو10 رنز سے ہرا دیا۔
پروٹیز خواتین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز اسکور کیے، تاہم 133 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ویمنز نے شروع کے اوورز میں کافی سست کھیل کا مظاہرہ کیا اور 10 رنز کے مارجن سے ہدف کے تعاقب میں ناکام رہیں۔
پاکستان ٹیم ہدف کے تعاقب میں 122 رنز بنا سکی، عالیہ ریاض کے 52 اور کپتان فاطمہ ثنا کے 37 رنز رائیگاں گئے۔
عالیہ ریاض اور فاطمہ ثنا نے چھٹی وکٹ کے 75 رنز کی شراکت قائم کی اور اس سے قبل ندا ڈار اور عالیہ ریاض کا بنایا گیا 67 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ٹومی اور ماریزین کیپ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جنوبی افریقہ نے پہلے کھیل کر 4 وکٹوں پر 132 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا تھا، جس میں تزمین برٹس56 اور سون لوس 27 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
ٹرایون نے 15 اور ماریزین کیپ نے 14 رنز اسکورکیے، پاکستان ویمنز ٹیم کی طرف سے سعدیہ اقبال نے 34 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، ندا ڈار نے 11 رنز دیکر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔