گوادر: صوبہ بلوچستان میں پسنی کوسٹل ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پسنی کوسٹل ہائی وے پر گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، افسوس ناک واقعے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر پسنی نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرفشریز، خاتون اوربچہ شامل ہے، زخمیوں میں 5 خواتین اور4 بچے شامل ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، متاثرہ فیملی پشکان سے کراچی جا رہی تھی۔
اس سے قبل گزشتہ روز بھکر میں ایم ایم روڈ پر فاضل اڈا کے قریب بس اور ٹریک میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے تھے۔
کوئٹہ قومی شاہراہ پر ہولناک ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ 3 جون کو بلوچستان کے شہر ژوب میں کوئٹہ قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹرک اور وین میں آپس میں ٹکرا گئی تھی جس کے باعث تیرہ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، مسافر وین کوئٹہ سے ژوب آرہی تھی۔