ایکواڈور: جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کے ساحل پر کٹے ہوئے انسانی سر لٹکتے ہوئے ملنے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا، سمندر کنارے رسیوں سے لٹکے ہوئے پانچ انسانی سر برآمد کئے گئے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایکواڈور کے جنوب مغربی صوبے منابی کے ساحلی قصبے پورٹو لوپیز میں ساحل سمندر پر پانچ انسانی سر رسیوں کے ذریعے لکڑی کے کھمبوں سے لٹکے ہوئے موجود تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اتوار کے روز رونما ہوا، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
سامنے آنے والی تصاویر میں خون آلود مناظر دیکھے گئے، انسانی سروں کے قریب ایک انتباہی پیغام بھی نصب تھا، جو مبینہ طور پر ماہی گیروں سے بھتہ وصول کرنے والوں کے لیے لکھا گیا تھا۔
حکام کے مطابق اس علاقے میں منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک سرگرم ہیں، جن کے بین الاقوامی کارٹلز سے رابطے ہیں، یہ گروہ ماہی گیروں اور ان کی کشتیوں کو غیر قانونی سرگرمیوں، خصوصاً منشیات کی نقل و حمل کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے راستوں پر قبضے اور علاقے کے کنٹرول کی جنگ کے باعث صوبہ منابی میں مسلسل پرتشدد واقعات رونما ہورہے ہیں۔ اسی تناظر میں پورٹو لوپیز میں سیکیورٹی اور نگرانی کے آپریشنز میں اضافہ کیا گیا ہے۔
ایکواڈور کی جیل میں ہول ناک واقعہ، 27 قیدی دم گھٹنے سے ہلاک
ایکواڈور کے 24 میں سے نو صوبوں میں پہلے ہی ایمرجنسی نافذ العمل ہے، جن میں صوبہ منابی بھی شامل ہے۔ ایمرجنسی کے تحت تشدد پر قابو پانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کو اضافی اختیارات سونپ دیئے گئے ہیں اور بعض شہری آزادیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔


