سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ کارروائیوں میں بھارتی فوج نے 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے کلگام میں بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے نام پر پانچ نوجوانوں کو گھروں سے نکال کر شہید کیا۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز نے آپریشن کے دوران متعدد مکانات بھی مسمار کیے جبکہ ظلم و بربریت کو دبانے کے لیے کٹھ پتلی انتظامیہ نے جنوبی کشمیر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ اور ٹرین سروس معطل کردی ہے۔
مزید پڑھیں: افضل گرو کی برسی پر مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال
کلگام میں ہونے والی شہادتوں کے خلاف کیلام کے نوجوانوں نے احتجاج کیا، مظاہرین پر بھارتی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے بعد متعدد افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے پانچ کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کو زخمی اور اندھا کررہی ہے’۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما افضل گرو کی برسی منائی گئی تھی، اس موقع پر حریت رہنماؤں کی کال پر وادی میں مکمل ہڑتال تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں بھی مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر آواز اٹھ رہی ہے، شاہ محمود قریشی
کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے کے جرم میں بھارت کے ہاتھوں شہادت پانے والے افضل گروکی برسی کے موقع پر کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے، ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رہی تھی۔
افضل گرو کی برسی منانے سے روکنے کے لیے کٹھ پتلی انتظامیہ نے سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو نظر بند کردیا تھا جبکہ کشمیریوں کے مظاہروں کو روکنے کے لیے سری نگر سمیت دیگر علاقوں کو فوجی قلعے میں تبدیل کردیا گیا تھا۔