پیر, فروری 10, 2025
اشتہار

سی آئی اے نے لاہوردھماکے کے پانچ ملزم مارگرائے

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: رائیونڈ روڈ پرسی آئی اے پولیس نے مقابلے کے دوران پانچ دہشت گرد مارگرائے، پولیس نےدعویٰ کیا ہےکہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد گلشن اقبال پارک خودکش حملےمیں ملوث تھے۔

تفصیلات کے مطابق سی آئی اے پولیس کے مطابق گزشتہ رات انہیں خفیہ اطلاع ملی کہ سانحہ گلشن اقبال میں ملوث دہشت گرد راﺅنڈ روڈ پر واقع ایل ڈی اے ایوینیو سوسائٹی کے ایک گھر میں رہائش پذیرہیں۔

سی آئی اے پولیس نےمکان پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس اہلکاروں نےجوابی فائرنگ کی اور بھاری نفری کو طلب کرلیا۔ پولیس اوردہشت گردوں کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے دوران چار دہشت گرد موقع پر مارے گئے جبکہ ایک کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے وہ بھی دم توڑ گیا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سے تین کی شناخت ہوگئی ہے جن میں خان وحید، ناصر اقبال اور جنید ظہور شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشن کوف، 3 پستول، 10 ہینڈ گرنیڈ اور8 ٹائم ڈیوائسز کے علاوہ ریس کورس پارک، پنجاب اسمبلی اور گلشن اقبال پارک کے نقشے بھی برآمد ہوئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد سانحہ گلشن اقبال پارک، ملٹری اکیڈمی کاکول پرمیزائل حملے، ڈاکٹروائن سٹائن اور جنرل مجید ملک کے داماد عامرملک کے اغوا، گڑی شاہو میں قادیانیوں کی عبادت گاہ پر خودکش حملے سمیت، الفلاح تھیٹر،پیرو تھیٹر،گڑی شاہو میں نیٹ کیفیز اورجوس کارنرز اوراقبال ٹاون میں مختلف مقامات پر کریکر حملوں میں بھی ملوث تھے۔

پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں