لاہور : پنجاب کابینہ میں وزارتوں کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پنجاب کابینہ کے حوالے سے مشاورتی عمل تیز کر دیا ہے، کل وزیراعظم عمران خان سے بھی ملیں گے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں پانچ وزارتوں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مشاورتی عمل تیز کر دیا ہے۔ گورنر پنجاب وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کے بعد کل وزیراعظم عمران خان سے بھی ملیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیاض الحسن چوہان کو دوبارہ پنجاب کابینہ میں شامل کیا جائے گا، ڈاکٹر یاسمین راشد، حسین جہانیاں گردیزی، سردار آصف نکئی، زوار حسین وڑائچ اور حافظ ممتاز کی وزارتیں تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔
گورنرپنجاب چوہدری سرور کی اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری جاری ہے ، گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبےکی صورتحال پر ملاقات کی ، جس میں عوام کو درپیش مسائل اوران کےحل پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
چوہدری سرور کا کہنا تھا مسائل کےحل کےلیےمل کرکام کررہےہیں۔
Had a detailed meeting with @UsmanAKBuzdar regarding issues facing the people of Punjab and the remedial action needed… we are working together on solutions! pic.twitter.com/2zwXrqt2FL
— Mohammad Sarwar (@ChMSarwar) April 21, 2019
خیال رہے پنجاب کابینہ میں مزید تبدیلیوں کے پیش نظر صوبائی اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں کے رابطوں میں تیزی آگئی ہے اور ماضی کے حریفوں نے بھی ایک دوسرے سے رابطے شروع کردیے ہیں۔
یاد رہے 19 اپریل کو وزیراعظم عمران خان نے مختلف اداروں سے پنجاب حکومت کی کارکردگی رپورٹ طلب کی تھی اور کہا جارہا تھا چھ صوبائی وزرا کے محکمے بھی تبدیل ہونے کا امکان ہے، تبدیل ہونے والے محکموں میں وزارت صحت، خوراک، جیل خانہ جات، توانائی، لیبر، ایکسائز شامل ہیں۔
وزیراعظم نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کو بھی طلب کرلیا تھا۔
واضح رہے گذشتہ ہفتے اسد عمر کے وزارت چھوڑنے کے اعلان کے بعد وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے غلام سرور کو وزیر پیڑولیم لے کر ایوی ایشن کی وزارت دے دی گئی تھی، وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے وزارت داخلہ کا قلمدان اعجاز شاہ کو سونپا تھا جبکہ اسد عمر کی جگہ ڈاکٹر حفیظ شیخ مشیر خزانہ بنا دیا تھا۔
فواد چوہدری سے وزیراطلاعات واپس لے کر سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت دے دی گئی جبکہ وزارت پالیمانی امور اعظم سواتی کے سپرد اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اطلاعات کی مشیر بنا دی گئیں تھیں۔