نوشہروفیروز: قومی شاہراہ بھریا کے مقام پر مسافر کوچ میں آگ لگ گئی تاہم تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نوشہروفیروز، ساہیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پہلے واقعے میں نوشہروفیروز میں قومی شاہراہ پر بھریا کے مقام پر ایک مسافر کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ کوچ میں سوار تمام مرد، خواتین اور بچوں کو بروقت بحفاظت باہر نکال لیا گیا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مسافر کوچ کراچی سے علی پور جا رہی تھی تاہم اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا، جبکہ مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب ساہیوال میں گیمبر ٹول پلازہ کے قریب سڑک پر کھڑے ایک ٹرالر سے منی ٹرک ٹکرا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں منی ٹرک کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ڈرائیور کی لاش اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جھنگ روڈ ایم فور موٹروے انٹرچینج کے قریب جانوروں سے لوڈ منی ٹرک الٹ گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ منی ٹرک میں مجموعی طور پر 8 افراد سوار تھے۔ جاں بحق افراد اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس اور ریسکیو اداروں نے تینوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ شہریوں کو تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


