اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس کی سماعت آج احتساب عدالت میں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کےجج محمد ارشد ملک کریں گے۔
عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو طلب کر رکھا ہے، آج ہونے والی سماعت میں نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث گواہ واجد ضیا پر جرح جاری رکھیں گے۔
اس سے قبل 26 اکتوبر کو نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی تھی، سابق وزیراعظم نوازشریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
سماعت سے قبل وکیل زبیرخالد نے اخبار کی خبرپرنوٹس لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ منسٹر ہے جو آپ اورنوازشریف کی گرفتاری سے متعلق بیان دے رہا ہے۔
نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت پیر تک ملتوی
معاون وکیل زبیرخالد نے یہ بھی کہا تھا کہ عدالت کو سوموٹو لینا چاہیے، جج ارشد ملک نے کہا کہ میں اس معاملے کو دیکھ لیتا ہوں، آپ پر302کا کیس ہو تو آپ بھی کہنا شروع کردیں بری ہوجائیں گے۔
بعد ازاں احتساب عدالت نے نوازشریف کے وکلا کو باقاعدہ درخواست دائرکرنے کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ 12 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کے خلاف العزیز یہ اور فلیگ شپ ریفرنس نمٹانے کے لیےاحتساب عدالت کو سترہ نومبر تک کی مزید مہلت دی تھی۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے بعد کوئی توسیع نہیں دی جائے گی سترہ نومبر تک کیسوں کا فیصلہ نہ ہوا تو عدالت اتوار کو بھی لگے گی۔