لاہور : فلوٹنگ ریسٹورنٹ کے منصوبے کو لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ، جس میں عدالت سے منصوبے پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں تاریخی نہر کے قریب فلوٹنگ ریسٹورنٹ کے منصوبے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
معروف ماہر تعمیرات ڈاکٹر اعجاز انور سمیت دیگر افراد نے عدالت میں درخواست دائر کی، جس میں جلوکے قریب نہر پر فلوٹنگ ریسٹورنٹ کے منصوبے پر اعتراض کیا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نہر پر فلوٹنگ ریسٹورنٹ کا منصوبہ غیر قانونی طور پر بنایا جا رہا ہے اور یہ لاہور کینال ہیریٹیج پارک ایکٹ کے خلاف ہے۔
درخواست گزاروں نے اس منصوبے کو ماحولیاتی قوانین کی بھی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ ہیوی مشینری کی نقل و حرکت سے بچوں کی تفریحی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فلوٹنگ ریسٹورنٹ منصوبے کو قانون سے متصادم قرار دے، منصوبے کے جائزے کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جائے اور منصوبے پر حکم امتناع جاری کیا جائے تاکہ اسے فی الحال کسی بھی مرحلے پر آگے نہ بڑھایا جا سکے۔
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں


