کراچی: سیلاب سے متاثرہ نوابشاہ ایئرپورٹ پر بحالی کا کام تاحال جاری ہے، ابھی صرف ایک ٹیکسی وے کو آپریشنز کے لیے بحال کیا جا سکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر نوابشاہ میں سیلابی پانی کی صورت حال بہتر ہونے پر ایئر پورٹ پر بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، ٹیکسی وے بی اور سی کو پانی اور کیچڑ سے صاف کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیکسی وے سی آپریشنز کے لیے دستیاب ہے، تاہم ٹیکسی وے بی پر آپریشنز کی بحالی کے لیے مزید ایک ہفتہ درکار ہے۔
پی اے ایف اور ضلعی انتظامیہ بھی ایئرپورٹ پر بحالی کی کوششوں میں شریک ہیں، رن وے پر FOD واک کا انعقاد کیا گیا جس میں 95 فی صد نتائج حاصل ہوئے، پی اے ایف اور اے ایس ایف نے بھی FOD واک میں شرکت کی۔
مٹ MET آبزرویٹری کو سیلابی پانی سے پاک کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں، ایئر پورٹ آنے والے کچھ راستوں پر تاحال پانی موجود ہے، ایئر پورٹ کے کچھ حصوں پر اور آس پاس گزشتہ 2 ماہ سے زائد سے سیلابی پانی کھڑا ہے، جس کی وجہ سے تمام نوٹمز کو 8 نومبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔