بہاولنگر:دریائے ستلج میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ متاثرہ 50 ہزار سے زائد افراد مختلف علاقوں سے نقل مکانی کرچکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ہیڈ سلیمانکی پر پانی کابہاؤ 95 ہزار 238 کیوسک ہے، جبکہ سیلاب سے دریائی بیلٹ کے 86 مواضعات متاثر ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی نے دریائی بیلٹ کے مواضعات میں عارضی حفاظتی بند توڑ دئیے ہیں، اس کے علاوہ دریائی بیلٹ کو مرکزی شاہراہ سے ملانے والی سڑکوں میں متعدد مقامات پر شگاف پڑچکے ہیں۔
100 سے زائد آبادیوں کے زمینی راستے منقطع ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، جبکہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آچکی ہیں اور سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوچکا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے پانی میں پھنسے 12 ہزار 236 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کو 30 فلڈ ریلیف کیمپس پر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گنڈا سنگھ والا قصور کے مقام پر سیلاب درمیانے سے نچلے درجے پر آچکا ہے، جبکہ گنڈاسنگھ والا قصور کے مقام پر پانی کا بہاؤ 74390 کیوسک ہے،اس کے علاوہ ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کا بہاؤ 77022 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔